لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے چین کی وہیکل کمپنی چونگ اوئنگ سی آر آر سی ہینگ ٹونگ کے چیئرمین لیو جونہوا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں گرین ٹرانسپورٹ سسٹم پراجیکٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب بھر میں پانچ ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ پہلے مرحلے میں ایک ہزار الیکٹرک بسوں سے پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ پانچ سال میں بڑے شہروں میں ’’اینڈ ٹو اینڈ‘‘ گرین ٹرانسپورٹ سسٹم لانچ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے الیکٹرک وہیکلز کی مینوفیکچرنگ کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پنجاب میں الیکٹرک ٹو وہیلر، تھری وہیلر کی مینوفیکچرنگ کیلئے تمام تر سہولتوں اور تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ چینی وفد نے ای ٹرانسپورٹ کے لئے یونیفائیڈ چارجنگ سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا۔ بس سٹاپ پر منی شاپنگ مال کے ماڈل پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے چینی کنسورشیم سے جامع ٹرانسپورٹ سسٹم پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ چین ہر شعبہ ہائے زندگی میں لیڈ کررہا ہے، تعاون اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کے متمنی ہیں۔ بڑے شہروں کے عوام کے لئے مکمل گرین ٹرانسپورٹ سسٹم چاہتے ہیں۔ ٹریفک جام بہت بڑا مسئلہ ہے، ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھ رہی ہے۔ لوگ تیزی سے الیکٹر ک وہیکل کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ چین کی مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کے متمنی ہیں۔ لاہور میں چینی ٹرانسپورٹ کمپنیز کو خوش آمدید کہیں گے اور بھرپور معاونت کی جائے گی۔ پنجاب میں بلٹ ٹرین، میٹرو بسیں اور ہر ضلع میں الیکٹر ک بسیں چلانا چاہتے ہیں۔ شہبازشریف نے اورنج لائن اور میٹرو بس سسٹم کا میابی سے لانچ کیا۔ لاہور کے بہت سے ایریاز میں ٹرانسپورٹ سسٹم کی ضرورت ہے۔ پنجاب کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کرنا‘ ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، بس سٹاپ اور چارجنگ سسٹم اور دیگر سہولتیں چاہتے ہیں۔ چین جیسے ملک سے دوستی خوش بختی کے مترادف ہے۔ لیو جونہوا چیئرمین ہینگ ٹونگ نے کہا کہ لاہور باغوں کا خوبصورت شہر ہے، موسم بہت اچھا لگا۔ جیانگ زنگیو اوورسیز پراجیکٹ مینجر ہینگ ٹونگ وہیکل کمپنی نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کو عوام کی خدمت میں مصروف دیکھ کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے میانوالی میں کنڈل کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار‘ میانوالی کی قبول خیل چیک پوسٹ پر خوارجی حملے کی شدید مذمت کی ہے اور خوارجی حملے کو ناکام بنانے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے ڈرتے ہیں نہ ڈریں گے اور دھرتی کو ان سے پاک کرکے دم لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے مظفر گڑھ کے علاقے روہیلانوالی میں معمولی تنازعہ پر ایک بچی اور 2 خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔
چینی کمپنی کے فد کی ملاقات ، 5ہزار الیکڑک بسیں چلانے کے منصوبے کا جائزہ
Sep 03, 2024