طیفی بٹ کے بہنوئی جاویدبٹ کے قتل کا مقدمہ تھانہ اچھرہ میں درج کر لیا گیا،مقدمے میں امیرفتح اورقیصربٹ کونامزدکیا گیا ہے۔مقدمہ مقتول جاویدبٹ کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا گیا،مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی عینی شاہدجاویدبٹ کی اہلیہ نے امیرفتح اورقیصربٹ کوپہچان لیا، امیرفتح اورقیصربٹ موٹرسائیکل سوارشوٹرزکیساتھ تھے۔دوسری جانب طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل میں نامزد ملزم قیصر بٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارا آج کے کرائم کے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے ،ہم اس کیس میں پیش ہونے کیلئے حاضر ہیں جیسے لاہور پولیس مطمئن ہوگی ویسے ہم پیش ہوں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز کینال روڈ ایف سی کالج کے پاس طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو قتل کر دیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ کینال روڈ کے قریب پیش آیا،نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، فائرنگ سے گاڑی میں سوار جاوید بٹ نامی شخص جاں بحق جبکہ ان کی بیوی زخمی ہوئیں۔ پولیس ہمیشہ کی طرح کافی دیر بعدموقع پر پہنچی،تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں،جاں بحق شخص طیفی بٹ کا بہنوئی ہے ۔