پشاور (نوائے وقت رپورٹ) 9 مئی کو احتجاج و توڑ پھوڑ کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق اور موجودہ ارکان اسمبلی کی بریت کی درخواستیں انسداد دہشت گردی عدالت پشاور نے خارج کردیں۔ پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق اور موجودہ ارکان اسمبلی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے اگلی سماعت پر استغاثہ کے مزید گواہ طلب کرلیے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی فضل الہیٰ، محمد آصف خان، ارباب شیر علی کے علاوہ سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عارف یوسف سمیت 29 ملزم مقدمے میں نامزد ہیں۔ پراسیکیوشن کے مطابق ملزموں پر 9 مئی کو مختلف مقامات پر احتجاج اور توڑ پھوڑ کا الزام ہے۔ ملزمان نے احتجاج کے دوران نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا جبکہ احتجاج کے دوران ایک شہری جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔ بعد ازاں، انسداد دہشت گردی عدالت پشاور نے مقدمے کی مزید سماعت 6 ستمبر ملتوی کردی۔
9مئی مقدمات انسد اد دہشتگردی عدالت پشارو نے پی ٹی آئی کے سابق اور موجودہ ارکان اسمبلی کی بریت درخواستیں خارج کردیں
Sep 03, 2024