وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی سنگل ڈیجٹ آنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی ’حادثہ ’نہیں بلکہ حکومتی کارکردگی کے ’نتائج‘ ہیں۔ ادارہ برائے شماریات نے گذشتہ روز کہا تھا کہ گذشتہ ماہ اگست میں پاکستان کی سالانہ افراطِ زر (مہنگائی) کی شرح 9.6 فیصد تک گر گئی ہے اور تقریباً تین سالوں میں پہلی بار یہ شرح واحد ہندسے پر آئی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ حکومتی کارکردگی کے نتائج ہیں، میری توجہ عام آدمی کو ریلیف دینے پر ہے، ابھی ہمارا کام مکمل نہیں ہوا اور ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے لیکن ہم حقیقی ترقی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے مہنگائی کی شرح میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے اور معیشت ترقی کر رہی ہے، ماہِ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ 3 برس میں مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے، افراطِ زر میں کمی وزارت خزانہ کی معاشی آؤٹ لک رپورٹ کی پیشگوئی کے عین مطابق ہے، ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا مہنگائی سنگل ڈیجٹ آنے پر اطمینان کا اظہار
Sep 03, 2024 | 11:34