سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چو ہدر ی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ساری مشکلات مائنس بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے چل رہی ہیں ،بانی پی ٹی آئی اور مسلم لیگ( ن) مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے ماحول فراہم کرے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو8 فروری کو لوگوں نے بغیر انتخابی نشان کے ووٹ دیا، پاکستان کی فارن پالیسی تنہا ہے، ہم چائنہ سے فاصلہ کر کے بیٹھ گئے ہیں، پاکستان کو ایک روپیہ بھی قرض نہیں مل رہا، ہم نے آئی ایم ایف کے پاس معیشت گروی رکھ دی، آپ نے مائنس بانی پی ٹی آئی کے چکر میں سب کچھ تباہ برباد کردیا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ہمارے لئے بھی دل بڑا کرے، الیکشن کمیشن میرے اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین کی پروسیڈنگ کررہا ہے، پاکستان میں ایک ہی تجربہ چل رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو مائنس کر کے ملک چلانا ہے، پاکستان کی ساری مشکلات مائنس بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے چل رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی کے بغیر پاکستان نہیں چل رہا۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں ساڑھے تین سالوں میں دہشتگردی نہیں ہوئی لیکن پورے طریقے سے دہشتگردی واپس آگئی ، سارے مسائل کا حل ہے کہ گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ کیا جائے، لوگوں کو اٹھانے یا بندوق سے مسائل حل نہیں ہوتے۔پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اب دعا ہی ہے کہ بنگلا دیش والوں کو بال نظر آنا بند ہوجائے، جو ہماری کرکٹ ٹیم کی کارکردگی ہے وہی حکومت کی ہے، ہماری کرکٹ ٹیم کی نہ بیٹنگ چل رہی ہے نہ بائولنگ اور نہ فیلڈنگ، اس حکومت کی بھی نہ سیاسی، نہ معاشی اور نہ ہی سماجی پالیسی چل رہی ہے۔