نہتے فلسطینیوں کی جانوں کا ضیاع ناقابل قبول ہے،سعودی وزیرخارجہ 

 مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطینی وزیراعظم اور وزیرخارجہ ڈاکٹرمحمد مصطفی نے سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں رہ نمائوں نے فلسطین کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقعے پر سعودی وزیر خارجہ فلسطینی وزیراعظم سے بات کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کے حوالے سے مملکت کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مملکت نے اپنا مضبوط موقف امریکی انتظامیہ کو بتایا ۔ اسرائیل کے ساتھ اس وقت تک کسی قسم کے سفارتی تعلقات قائم نہیں جب تک کہ آزاد فلسطینی ریاست کو اس کی سرحدوں پر تسلیم نہیں کیا جاتا اور مشرقی بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائی کی بار بار مذمت کرتے ہوئے قابض فوج سے جارحیت بند کرنے اور غزہ کی پٹی سے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے قابض اسرائیلی فوج کے فلسطینی عوام کے خلاف ہر قسم کے جرائم کی مذمت اوران جرائم کو یکسر مسترد کیا ہے۔ قابض اسرائیلی افواج بین الاقوامی قراردادوں اور قوانین کی سنگین پامالیوں کی مرتکب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری میں نہتے فلسطینیوں کی جانوں کا ضیاع ناقابل قبول ہے۔ سعودی عرب سمجھتا ہے کہ سلامتی کونسل غزہ میں معصوم اور نہتے خواتین اور بچوں کی جانیں بچانے میں بری طرح ناکام رہی ہے اور عالمی اداروں نے غزہ میں جنگ روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ مملکت اب بھی غزہ کی پٹی میں عام شہریوں کو ریلیف امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے لیے ریلیف کی عوامی مہم کے ذریعے شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے اب تک 185 ملین ڈالر سے زیادہ کی رقم جمع کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن