چناب نگر (نمائندہ نوائے وقت)انجمن طلباء اسلام کے تحفظ ختم نبوت ٹرین مارچ کا چناب نگر ریلوے سٹیشن پر شاندار استقبال، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ چناب نگر چنیوٹ ریلوے سٹیشن پر انجمن طلباء اسلام کے کارکنان و ذمہ داران حافظ مہر تنویر عباس، کامران اکبر رضوی، یاسین انجم، احمد یار، حسن نواز، مولانا عبدالجامع، حاجی عبدالرحیم، فیض احمد، انعام احمد، ظہیر عباس، جنید وارث، محمد علی، احمد عبداللہ سمیت دیگر کارکنان و علماء نے استقبال کیا۔ انجمن طلباء اسلام کراچی سے گولڈن جوبلی سال کے موقع پر چلنے والی تحفظ ختم نبوت ٹرین مارچ کے دوران چناب نگر چنیوٹ ریلوے سٹیشن پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر اے ٹی آئی مبشر حسین حسینی و دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت قادیانیوں کو آئین و قانون کا پابند بنائے۔ چناب نگر ریلوے سٹیشن کا نام خاتم النبیین ریلوے سٹیشن رکھا جائے۔ آئندہ ختم نبوت کے قانون میں ردو بدل کی کوششیں نہ کی جائیں۔ چناب نگر ریلوے سٹیشن پر شرکاء جذباتی انداز میں تاجدار ختم نبوت زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ تحریک ختم نبوت کے غازیوں، شہداء کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر چناب نگر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ٹرین مارچ سرگودھا ریلوے سٹیشن پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
انجمن طلباء اسلام کے تحفظ ختم نبوت ٹرین مارچ کا چناب نگر سٹیشن پر شاندار استقبال
Sep 03, 2024