لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ملک گیر ممبرشپ مہم کے منصورہ میں افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا جماعت اسلامی چاروں صوبوں میں پچاس لاکھ نئے ممبرز بنائے گی۔ دوسرے مرحلے میں عوامی کمیٹیاں بنائیں گے۔ 70 سالوں سے سسٹم پر مسلط طبقات، فارم 47 کی پیداوار، وصیتوں اور وراثتوں سے چلنے والی پارٹیاں اپنی ناکامی تسلیم کریں۔ ایسا نہ کیا تو جماعت اسلامی عوام کی مدد سے پرامن سیاسی مزاحمت کے ذریعے انہیں ناکامی تسلیم بھی کرائے گی اور اپنے سروں سے بھی ہٹائے گی۔ ملک کو مافیا سے نجات دلا رہے۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، مشیر امیر جماعت برائے سیاسی امور ڈاکٹر فرید پراچہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پی پی، ن لیگ، پی ٹی آئی کی حکومتوں میں آئی پی پیز کی سرپرستی کی گئی۔ آئی ایم ایف کی اس ظلم پر خاموشی کا مطلب یہ ہے کہ یہ ادارہ سب سے بڑا ساہوکار ہے اور غریب ممالک کے عوام پر ظلم اور مسلط طبقات کی سرپرستی کرتا ہے۔ موجودہ نظام مجموعی طور پر ظلم و ناانصافی پر مشتمل ہے۔ ممبر شپ مہم کے دوران یوتھ کو خصوصی طور پر فوکس کیا جائے گا، خواتین ممبرز بنائیں گے۔ نوجوانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہم ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کے ذریعے ملک بھر میں لاکھوں نوجوانوں، بچے، بچیوں کو فری آئی ٹی کورسز کروا رہے ہیں، ہمارے منظم و متحرک حلقہ خواتین اور مینارٹی ونگ ہیں، ہم مسالک کی بنیاد پر نہیں بلکہ خالصتاً دین کی بنیاد پر لوگوں کو جوڑتے ہیں۔ خواتین کے حقوق، عدل وانصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کا قیام ہے۔
50 لاکھ نئے ممبر بنائیں گے، ملک کو مافیا سے نجات دلانا ہے: حافظ نعیم
Sep 03, 2024