اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ باہمی تعاون اور مختلف اہم امور پر گفتگو ہوئی جبکہ اس ماہ باکو آذربائیجان میں ہونے والے بزنس فورم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذر بائیجان کے سفیر خضر فرادوف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے 16ستمبر کو اس بزنس فورم کا انعقاد خوش آئند ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان فوڈ سیکورٹی، آئی ٹی، صحت، زراعت، افرادی قوت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ترکیہ، آذربائیجان اور پاکستان تینوں مل کر خطے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں جس کیلئے ہمیں باہمی سرمایہ کاری اور تعاون کے ایجنڈے پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان "جی ٹو جی" اور" بی ٹو بی" سرگرمیوں میں اضافے کو یقینی بنائیں گے جبکہ پا ک بزنس فورم کا پلیٹ فارم سینٹرل ایشیا میں پاکستان و دیگر ممالک کے لئے نئی ''اوپننگ'' ہوگی جس سے ترقی و خوشحالی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے آذر بائیجان کے سفیر سے ملاقات میں طے پایا کہ وفاقی وززرا عبدالعلیم خان اور جام کمال خان 16 ستمبر کوباکو، آذربائیجان کا دورہ کریں گے جہاں وہ بزنس فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کر یں گے۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی بزنس فورم میں شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان سے پاکستان کیلئے ایل این جی گیس، یوریا، الیکٹریکل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری ہو سکتی ہے جس کیلئے آذربائیجان کے پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں کو پاکستان کے لئے "آن بورڈ" لیں گے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے سفیر کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں آذربائیجان جیسے دوست اسلامی ملک کیلئے پاکستان میں اپنا سفیر سمجھیں اور انشا اللہ مستقبل میں ہم اس رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے جس کا فائدہ دونوں ملکوں کو ہوگا