اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد سے جاز کیش کے ایک وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت ابرار خان، نائب صدر کارپوریٹ افیئرز اور علی نصیر، چیف سٹریٹجک آفیسر کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کو سمارٹ فونز کی فراہمی کے ذریعے انہیں ڈیجیٹل و مالی طور پر با اختیار بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے صدر اور وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ہدایات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ تمام مستحق خواتین کو ان کی ادائیگیاں مکمل شفافیت اور احترام کے ساتھ ملیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اسمارٹ فونز کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس کے مستحقین کے درمیان کمیونیکیشن گیپ کے خاتمے، بنیادی حقوق کی مکمل آگاہی اور دھوکہ دہی کے خطر ات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ چیئرپرسن نے بی آئی ایس پی کے اس عزم پر بھی زور دیا کہ وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین اور انکے گھرانوں کے افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے مارکیٹ کے اعتبار سے ایسے شعبہ جات میں سکل ٹریننگ فراہم کرے گاجن کے ذریعے انہیں ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔قبل ازیں، JazzCash ٹیم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیساتھ تعاون کے لیے ممکنہ اقدامات کا جائزہ بھی پیش کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے جاز کیش ٹیم پر زور دیا کہ وہ آئندہ میٹنگ میں بی آئی ایس پی مستحقین کو ڈیجیٹل بااختیار بنانے کے حوالے سے آزمائشی مرحلے کے طور پر عملدرآمدی حکمت عملی کا خاکہ پیش کریں۔