”صحافت کے محافظ مجید نظامی صاحب“

Apr 04, 2011

سفیر یاؤ جنگ
مکرمی! روزنامہ نوائے وقت کی 71 ویں سالگرہ اور 72 ویں سال کے آغاز کی آپ اور تمام ادارے کو دلی مبارک قبول ہو۔ نوائے وقت ایک اخبار ہی نہیں یونیورسٹی ہے جہاں سے ہر کوئی علم کی پیاس بجھانے کی کوشش کرتا ہے اور مستفید بھی ہوتا ہے۔ خدا کرے یہ ادارہ اس طرح مزید علم کی روشنی بکھیرتا رہے۔ خدا تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ آپ چٹان بن کر صحافت کے مشن کے محافظ رہیں اور اس مشن کا جھنڈا آپ کے آہنی ہاتھ میں بلند رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنے کی توفیق دیئے رکھے۔ آمین۔ ”نوائے وقت“ میں آپ کی خدمت میں ”اے پی این ایس“ کی جانب سے لائف اچیومنٹ ایوارڈ ملنے کا اعلان پڑھ کر اور بھی خوشی ہوئی۔ آپ یقیناً اس ایوارڈ کے حقدار ہیں۔ خدا تعالیٰ آپ کو مزید کامیابیوں کامرانیوں سے نوازے۔ آمین۔ ماہ رواں بچوں کے ہمراہ عمرہ کی سعادت نصیب ہوئی۔ خانہ کعبہ کے دروازے اور غلاف کعبہ کو پکڑ کر آپ اور رمیزہ بیٹی کی کامیابی کی دعا کی اور رمیزہ کی والدہ مرحومہ کیلئے دعا مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی۔ خدا قبول فرمائے اور آپ کا سایہ ہمارے سروں پر قائم رہے۔ آمین۔
(ساجدہ حنیف - لاہور)
مزیدخبریں