لاہور (کلچرل رپورٹر) بیاض لاہور کے زیر اہتمام معروف شاعر، ادیب اور کالم نگار خالد احمد کا تعزیتی ریفرنس گذشتہ روز الحمرا ادبی بیٹھک میں ہوا جس کی صدارت معروف رائٹر ناہید قاسمی نے کی۔ مقررین میں نوائے وقت کے ڈپٹی ایڈیٹر سعید آسی، ڈرامہ نگار و شاعر امجد اسلام امجد، نجیب احمد، عمران منظور، ڈاکٹر خواجہ ذکریا، افتخار اشعر، سعداللہ شاہ، علامہ بشیر رزمی، حسین مجروح، شفیق سلیمی، امجد طفیل، نعمان منظور، عباس تابش، منظر حسین اختر، زاہد مبارک ڈار، اعجاز کنو راجہ شامل تھے۔ مقررین نے خالد احمد کی شخصیت اور ان کی ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خالد احمد ایک بڑے شاعر اور کالم نگار تو تھے ہی اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک اچھے انسان بھی تھے۔ اس کا ایک بڑا ثبوت آج کی یہ محفل ہے جس میں سب انہیں یاد کر رہے ہیں۔ معروف شاعر علی اصغر عباس، اخلاق گیلانی، سحر فارانی، شاہد بخاری، مکرم علی شاہین نے انہیں منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔