ہمارے صاف ستھرے امیدوار کامیاب ہو کر ملک کی تقدیر بدل دیں گے : نوازشریف

Apr 04, 2013

لاہور ( خصوصی رپورٹر+این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی اعجاز ورک نے لاہور میں ملاقات کی اور انکی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا جس پر نواز شریف اور شہباز شریف اعجاز ورک کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے مسلم لیگ ن مزید مضبوط ہو گی۔ اعجاز ورک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں اور منشور سے متاثر ہو کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوا ہوں ۔ موجودہ حالات میں صرف نواز شریف اور شہباز شریف ہی پاکستان کو ایک خوددار اور خوشحال پاکستان بنا سکتے ہیں۔ نوازشریف نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد کی بات کی ہے اور ذاتی مفادات کو ملک و قوم کے مفادات پر حاوی نہیں ہونے دیا ۔ عام انتخابات میں صاف ستھرے امیدوار ہمارے نشان پر الیکشن لڑیں گے اور کامیابی حاصل کر کے ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت صرف دعوے نہیں کرتی ہم نے پہلے بھی ملک و قوم کی تقدیر بدل کر دکھائی اور اب بھی ملک و قوم کو اندھیروں سے نکالنے کا ایجنڈا رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں