پیانگ یانگ + واشنگٹن (اے ایف پی + نوائے وقت رپورٹ) شمالی کوریا کی فوج نے کہا کہ امریکہ پر جوہری حملے کی حتمی منظوری مل گئی ہے جبکہ پینٹاگون نے کہا کہ شمالی کوریا کی دھمکیوں کے پیش نظر امریکہ گوام میں میزائل شیلڈ نصب کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے ”کے سی این اے“ خبررساں ادارے کے مطابق کورین پیپلز آرمی کے جنرل سٹاف نے کہا ہے کہ امریکی دھمکیوں کا چھوٹے، ہلکے اور مختلف قسم کے نیوکلیئر ہتھیاروں سے مقابلہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ہمارے (بے رحمانہ) آپریشن کی حتمی منظوری دی جا چکی ہے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کے دفاع سے متعلق مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے جبکہ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی دھمکیاں امریکہ اور اس کے اتحادی جنوبی کوریا اور جاپان کے لئے حقیقی اور واضح خطرہ ہیں۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے پاس ایٹمی صلاحیت اور میزائل صلاحیت ہے، ہم نے ان دھمکیوں کا سنجیدگی سے جائزہ لیا ہے، ہم ہر وہ کچھ کریں گے جو ہم کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہم چین اور دوسرے ممالک سے بھی رابطے میں ہیں۔ دریں اثناءامریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے اشتعال انگیز بیان ناقابل برداشت حد تک بڑھ چکے ہیں، امریکہ اپنے اتحادی جنوبی کوریا اور جاپان کا مکمل دفاع کرے گا اور شمالی کوریا کو بحیثیت جوہری ریاست کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ جوہری حملوں کی دھمکیاں دینا کھیل نہیں، جنگ کی باتوں سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ شمالی کوریا کی تصادم کی پالیسی اسے جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ کورین خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر امریکہ نے میزائل شکن نظام سے لیس بحری بیڑہ بھیج دیا ہے، جنوبی کوریا اور جاپان کے ساحلوں پر جدید ترین ریڈار نصب کر دئیے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا کی تصادم کی پالیسی اسے جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ جوہری حملوں کی دھمکیاں دینا کھیل نہیں، جنگ کی باتوں سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔
امریکہ پر ایٹمی حملے کی حتمی منظوری مل گئی : فوج شمالی کوریا
Apr 04, 2013