پنجاب کو 2ایڈمنسٹریٹو زون‘ ساﺅتھ اور نارتھ میں تقسیم کرنے کی سفارش

Apr 04, 2014

لاہور( معین اظہر سے ) پنجاب کو دو ایڈمنسٹریٹو زون میں تقسیم کرنے ایک زون کا نام ساوتھ دوسرے کا نارتھ رکھنے اور جنوبی پنجاب کی زرعی انڈسٹری کو 5 سال کی ٹیکس چھوٹ دینے‘ جنوبی پنجاب کے ہر ڈویژن میں دو میڈیکل کالج‘ ڈینٹل کالج کھولنے، صوبائی محتسب کے آفس ڈسٹرکٹ لیول پر کھولنے سمیت متعدد سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ پبلک سروس کمشن کے ٹیسٹ اینڈ انٹرویو سینٹر ڈویژنل لیول پر ہونگے۔ اور ابتدائی طور پر 14صوبائی محکموں جن میں پولیس، بورڈ آف ریونیو ، زراعت ، لوکل گورنمنٹ ، ایجوکیشن، پی ڈبلیو ڈی، صحت ، لائیو سٹاک،اوقاف ، کواپریٹو، ایکسائز، فوڈ‘ بناولنٹ فنڈز، ٹریژری شامل ہیں۔ ان کے ساوتھ اور نارتھ زون کے محکمے کا سیکرٹری علیحدہ ہو گا جو سپیشل سیکرٹری کہلائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر بنائی گئی 23 رکنی کمیٹی جو جنوبی پنجاب کی امپاورمنٹ کے لئے بنائی گئی ہے نے اپنی مزید سفارشات پر غور کر لیا ہے ابتدائی طور پر سیاسی قیادت اور بیورو کریسی کے درمیان طے پایا ہے 9 صوبائی محکمے کمیٹی کو ہر روز اپنے محکمے کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ 14 صوبائی محکموں کے سربراہوں اور جنوبی پنجاب کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس سینٹر محمد رفیق رجوانہ کی سربراہی میں ہوا۔ جس میں ایڈمنسٹریٹو پاورز کی ڈی سنٹریلائزیشن پر غور کرتے ہوئے تجاویز دی گئی ہیں کہ آئینی فریم ورک میں رہتے ہوئے پنجاب کو دو ایڈمنسٹریٹو یونٹ میں تقسیم کر دیا جائے۔ ان محکموں کے ساتھ منسلک ڈیپارٹمنٹ کو بھی نارتھ اور ساوتھ میں تقسیم کر دیا جائے۔ کمشنروں کے ایڈمنسٹریٹو پاورز میں اضافہ کر دیا جائے گا۔ گریڈ 18 تک ترقی ، تبادلے ، اور بھرتی کا اختیار زون کے سپیشل سیکرٹری کے پاس ہو گا۔ جنوبی پنجاب میں تمام ڈی ایچ کیو کو خود مختار حثیت دی جائے گی۔ ریسکیو 1122 ، موبائل ہیلتھ یونٹ‘ رولر ہیلتھ لیول پر کھولے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے ہر ڈویژنل لیول پر دو یونیورسٹیاں جن میں ایک انجنئیرنگ دوسری جنرل ایجوکیشن کی کھولی جائے گی۔ پنجاب سروسز ٹربیونل کے دفاتر ڈویژنل لیول پر کھولے جائیں گے۔ ہر محکمے کے بجٹ کی فنانشل پاورز کاسٹ سینٹر پر منتقل کی جائیں گی۔ کمشنروں کو ڈی ڈی سی، ڈی ڈی ڈبلیو پی، ڈی ڈی ایس سی، اور پی ڈی ڈبلیو پی کی فنانشل پاورز دی جائیں گی۔ انفرسٹریکچر ڈویلپمنٹ کے لئے ڈسٹرکٹ ٹو ڈسٹرکٹ روڈ، ڈسٹرکٹ ٹو تحصیل روڈ‘ ٹاون ٹو ٹاون روڈ فارم ٹو مارکیٹ روڈ کو اپ گریڈ کیا جائےگا۔ سیاسی قیادت اور بیورو کریسی میں بغیر کسی اختلاف کے طے ہوا کس طرح محکموں کے اختیارات کی تقسیم ، کس طرح کے افسران کو جنوبی پنجاب میں تعینات کیا جائے گا اور کن رولز میں تبدیلیاں کی جائیں گی ۔ زون بنانے کے بعد سیٹوں کی ایڈجسٹمنٹ آبادی کے لحاظ سے کس طرح کی جائے گی۔ جس پر 9 محکموں کے سربراہ کمیٹی کو بریفنگ دیں گے جن میں ہائیر ایجوکیشن، سکولز ایجوکیشن، سی اینڈ ڈبلیو، ایرگیشن، بورڈ آف ریونیو ، صحت ، فنانس ، لولکل گورنمنٹ ، اور پولیس کے محکمے شامل ہیں۔

مزیدخبریں