لاہور: امریکی قونصلیٹ کیلئے سخت حفاظتی انتظامات، ایک ماہ بعد پھر کام شروع کر دیگا

Apr 04, 2014

لاہور (دی نیشن رپورٹ) وفاقی اور پنجاب حکومتوں کی جانب سے سکیورٹی کے بارے میں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد لاہور میں امریکی قونصلیٹ کا ایک ماہ میں دوبارہ معمول کا کام شروع کرنے کا امکان ہے۔ اس وقت امریکی قونصلیٹ کی سکیورٹی بڑھانے کیلئے ضروری تعمیراتی کام جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے پہلے ہی قونصلیٹ کو جانے والی دیوار پر باڑھ لگا دی ہے۔ لاہور میں امریکی مشن کی سکیورٹی کیلئے تعمیراتی کام کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے قونصلیٹ کی ترجمان لیڈیا بارازا نے ان میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا کہ اضافی سکیورٹی انتظامات کا جاسوسی نیٹ ورک کے ساتھ کوئی تعلق ہے۔ دی نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب کے تعاون کو سراہا ہے۔ امریکہ لاہور مشن کیلئے اسلام آباد میں سفارت خانے کے برابر سکیورٹی چاہتا ہے۔ دریں اثناءنجی ٹی وی کے مطابق امریکی قونصلیٹ لاہور میں بم پروف بنکرز کی تعمیر شروع کردی گئی۔ یہ بنکرز سکیورٹی پر مامور امریکی میرینز کیلئے بنائے جارہے ہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق قونصل خانے میں سو امریکی میرینز کی رہائش کیلئے بم پروف بنکرز پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں امریکی قونصل خانے نے سکیورٹی کے پیش نظر وزارت داخلہ سے سو میرینز کی تعیناتی کی اجازت مانگی تھی۔ اجازت ملنے کے بعد قونصل خانے میں بنکرز کی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔ قونصل خانے میں تعمیرات کے سبب سکیورٹی کو بھی انتہائی سخت کردیا گیا ہے۔ امریکی قونصلیٹ کی ترجمان کے مطابق نئی تعمیر کام کرنے کے ماحول کو مزید محفوظ بنانے کیلئے کی جارہی ہے اور وہ اس تعمیر کی اجازت دینے پر پنجاب حکومت کے ممنون ہیں۔
 امریکی قونصل خانہ

مزیدخبریں