اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے انتظامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے چینی صدر کے مجوزہ دورہ پاکستان کے حوالے سے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی جس کے اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور مختلف وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ کو چینی صدر کے استقبال کے منصوبے‘ سکیورٹی انتظامات اور انکے دورے میں ہونیوالے سمجھوتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر خزانہ نے ٹریفک پلان کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کہا کہ ٹریفک کے متبادل انتظامات کئے جائیں اور عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ دی جائے۔ مزید برآن لائن کے مطابق چینی صدرژی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران بڑے پیمانے پرسکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ چینی صدرکی سکیورٹی کی ذمہ دارہوگی۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پرچینی صدر کے دورے کے حتمی شیڈول کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ دورہ پاکستان کے دوران چین کے صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے جبکہ اس موقع پر اربوں ڈالر کے معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں چینی صدر کاجن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران کئے جانے والے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے چین کی 15 رکنی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی سفیر سن وی ڈانگ نے 15رکنی ٹیم کو اسلام آباد ائرپورٹ پر استقبال کیا۔ چینی ٹیم حکام کیساتھ ملکر چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران سکیورٹی اقدامات و حتمی شکل دینگے۔
چینی صدر/ دورہ