پشاور (این این آئی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے اور صوبے سے دہشت گردی‘ بھتہ خوری کے خاتمے کیلئے ہرممکن حد تک جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد افغانستان کا دورہ کرکے وہاں سے ہونے والی مداخلت‘ بھتہ خوری کیلئے فون کالز‘ دہشت گردی کے خلاف خفیہ معلومات کی فراہمی اور افغان مہاجرین کی وطن واپسی سمیت اہم امور پر بات کریں گے۔ وہ نوشہرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر پاک فوج اور تمام اداروں کے ساتھ ایک پیج پر ہے۔ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی قربانیوں کی بدولت امن و امان میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اوپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے ہوئے اور تاجروں کو بھتہ خوری کیلئے افغان سموں کا سختی سے نوٹس لینے کیلئے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت فوج کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا پاک فوج اور وزات خارجہ وزارت مواصلات کے نمائندوں کے ہمراہ افغانستان جا کر صدر اشرف غنی‘ چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور افغان سکیورٹی فورسز کے حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چائنا اقتصادی راہداری کے حوالے سے احسن اقبال سے اگلے ہفتے مذاکرات کا اگلا دور ہوگا جس میں ہم چائنا اقتصادی راہداری میں صوبے کو ملنے والے منصوبوں پر کام کا جائزہ لیں گے اور اس کیلئے ٹائم ٹیبل ترتیب دیں گے کہ کس منصوبے پر پہلے کام شروع ہوگا۔