ڈولفن فورس وی آئی پی نہیں عام آدمی کو تحفط کیلئے بنائی احتتساب سے کارکردگی بہتر ہوگی:شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بروقت کارروائی کر کے جرائم پیشہ افراد کوگرفتار کرنے والے شادمان سیکٹر کے ڈولفن فورس کے جوانوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈولفن فورس کے جوانوں کو جرائم پیشہ افراد کیخلاف بروقت کارروائی کر کے گرفتار کرنے پر شاباش دیتے ہوئے انکی صلاحیتوں کو سراہا۔ ڈولفن فورس کے جوانوںکو تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی دیئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ ڈولفن فورس کے شیر جوانوں نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف بروقت کارروائی کرکے فرض احسن طریقے سے نبھایا۔ عوام کواس تازہ دم اور نئے جذبے سے موجزن فورس سے اسی بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔ ڈولفن فورس کو بہترین تربیت دے کرمیدان میں اتارا گیا، اربوں روپے کے وسائل سے یہ فورس تیارکی گئی ہے۔ شہریوں کو آپ سے بڑی توقعات ہیں کہ آپ ان کے جان و مال کے محافظ بنیں گے۔ ڈولفن فورس کے جوان جس طرح جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائے ہیں اسی طرح انہیں مستقبل میں اپنا فرض دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ نبھانا ہے اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام کے حقیقی محافظ اور ہمدرد بننا ہے کیونکہ سٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کے حوالے سے آپ پر بھاری ذمہ داری ہے۔ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے محنت، دیانت اور امانت کے تحت فرائض سرانجام دینا ہوں گے اس فرض کو نبھاکرآپ دین اور دنیا دونوں کمائیں گے میں سمجھتا ہوں کہ عوام کو ان کے جان ومال کے تحفظ کا احساس دیناہی آپ کی کامیابی ہوگی۔ اگر آپ اس انقلابی سوچ اور عمل کیساتھ آگے بڑھیں گے تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی گلی محلوں میںسٹریٹ کرائمز کی روک تھام ہوگی، اسی عمل کے ذریعے آپ عوام کے دلوں میں جگہ بنائیں گے۔ جدید تربیت سے لیس ڈولفن فورس پنجاب پولیس کا نیا چہرہ ہے اس چہرے کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے آپ پر ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ ڈولفن فورس کسی وی آئی پی کیلئے نہیں بلکہ عام آدمی کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تیار کی گئی ہے۔ عام آدمی کو اس کے جان ومال کے تحفظ کا احساس دلانا آپ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ جس طرح آپ نے بروقت کارروائی کر کے فرض شناسی کا مظاہر ہ کیا اور جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائے ہیں یہ آپ کی شاندار کارکردگی ہے۔ عوام میں آپ کا امیج بڑھے گا، ساکھ مضبوط ہوگی۔ ڈولفن فورس کے جوانوں نے سفارش، رشوت، بدیانتی اور اقربا پروری کو پاس نہیں آنے دینا، یہ وہ برائیاں جسے آپ پاؤں کی ٹھوکر سے انصاف کی راہ میں نہیں آنے دیںگے۔ آپ نہ صرف شہریوں کے محافظ ہیں بلکہ آپ نے ان کا ہمدرد اور دوست بن کر فرائض سرانجام دینا ہیں۔ سچ کو کوئی آنچ نہیں، آپ نے محنت، امانت اور دیانت کے تحت شہریوں کی حفاظت کرنی اور ذمہ داری کو فرض سمجھ کر ادا کرنی ہے تاکہ ڈولفن فورس کے امیج کو مزید چار چاند لگیں۔کسی کمزوری یا لالچ کو اپنے پاس نہیں آنے دینا ایسے کلچر کا خاتمہ آپ کے فرائض میں شامل ہے۔ یقین ہے کہ آپ محنت اوردیانت سے فرائض سرانجام دے کر شہریوں میں بڑا نام پیدا کریں گے اور پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر بنیں گے لوگ آپ کی ستائش کریں اور عزت دیں گے۔ آپ کی تربیت جدید خطوط پر کی گئی ہے ڈولفن فورس کے امیج کو برقرار رکھنے کیلئے محنت سے کام کرنا ہوگا۔ عوام کے حقیقی محافظ اور ہمدرد بننے سے آپ کو عزت ملے گی۔ احتساب کا عمل بھی ضروری ہے، احتساب کے ساتھ کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کے تحت ڈولفن فورس کو جدید تربیت دی گئی ہے اور گلی محلوں میں سٹریٹ کرائمز کے خاتمے کیلئے یہ فورس محنت کے ساتھ کام کررہی ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق سکھیرا، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حید ر اشرف اور ایس پی ڈولفن فورس سید کراربھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے ڈولفن فورس کے جوانوں میں شادمان سیکٹر انچارج وقار افضل، وقاص صفدر، اصغر علی، ساجد مجید اور عبدالرحمان شامل تھے۔ واضح رہے کہ شادمان کے علاقے میں چیکنگ کے دوران ڈولفن فورس نے موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو روکنے کا اشارہ کیا تاہم انہوں نے اپنی موٹر سائیکل بھگا دی جس پر ڈولفن فورس کے سکواڈ نے تعاقب کر کے انہیں گرفتار کیا، جن سے اسلحہ برآمد ہوا اور انہیں گرفتار کے پولیس کے حوالے کیا گیا۔ ملزموں نے ڈکیتیوں کا اعتراف کیا۔ وزیراعلیٰ کو ڈولفن فورس کے جوانوں نے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کا واقعہ تفصیل کے ساتھ سنایا جس پر وزیراعلیٰ نے جوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے تین انڈسٹریل قائداعظم اپیرل پارک، ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور ویلیو ایڈیشن سٹی کوسپیشل اکنامک زونز کا درجہ دینے کی تجویزکی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے صوبے میںصنعتی سرگرمیاںاورسرمایہ کاری بڑھے گی۔ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ نے سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے امور کے بارے بریفنگ دی۔

ای پیپر دی نیشن