کراچی: بلدیہ ٹائون میں 2 افراد قتل ناردرن بائی پاس سے نعشیںبرآمد

Apr 04, 2017

کراچی (کرائم رپورٹر) بلدیہ ٹائون میں دو افراد قتل، لاشیں ناردرن بائی پاس سے ملیں۔ پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کو تشدد اور گلے میں پھندا لگا کر ہلاک کیا گیا تاہم مقتولین کی لاشیں کئی دن پرانی ہونے کی وجہ سے شناخت نہیں ہوسکی ہیں اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال پہنچانے کے بعد اس بارے میں تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ کراچی کے علاقے تیموریہ میں 3 ملزمان نے سی این جی سٹیشن کے گارڈ کو مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔پولیس کے مطابق گزشتہ روزتیموریہ تھانے کی حدود کے بی آر سوسائٹی میں 3ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سی این جی سٹیشن کو لوٹنے کے آئے تھے۔ملزمان نے55 سالہ سکیورٹی گارڈ محمد سے اسلحہ چھینے کی کوشش کی، ملزمان گارڈ کو قابو کرنے کے بعد پمپ کو لوٹنا چاہتے تھے۔ سکیورٹی گارڈ کی مزاحمت پر ڈاکووں نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔گارڈ کو رکشے میں ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اور شاہدین کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔دریں اثناء لیاری سے امین بلیدی کے بھائی تنویر بلیدی کے قتل میں ملوث ملزم سمیت 3افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز رضویہ میں پولیس نے کارروائی کرکے 2ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔لیاری کے علاقے بغدادی میں رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی ۔ کارروائی کے دوران تنویر بلیدی کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے تنویر بلیدی کی ریکی کی، جبکہ گولیاں ملزم کے ساتھی سمیر بلوچ نے چلائیں تھیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔

مزیدخبریں