کراچی ( نیوز رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزیترجمان علامہ مختار امامی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں بیس سے زائد بے گناہ شہریوں کی شہادت پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں پر بھارت کے وحشیانہ مظالم بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے عزم و حوصلے کو دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج طاقت کاوحشیانہ استعمال کر رہی ہے جن کا مقصد کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے باز رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دل پاکستان سے کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔طاقت و اختیارات کا بے جا استعمال بھارت کے لیے کسی بھی لحاظ سے فائدہ مند ثابت نہیں ہو سکتا۔ بھارتی حکومت نے اپنی مذموم کاروائیاں اقوام عالم سے پوشیدہ رکھنے کے لیے میڈیا سمیت دیگر ذرائع ابلاغ پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ دریں اثناء شیعہ علماء کو نسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا صوبائی دفتر سے جاری بیان میں کہنا ہے کہ کشمیر میں ہونے والے انسان سوز مظالم کی ہم شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ مسلمانوں کے مسائل سے ان نام نہاد انسانی حقوق کے ٹھکیداروں کو کوئی غرض نہیں بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور پاکستانی سر حدوں کی مسلسل خلاف ورزی بھارتی فوج کی بر بریت سے دنیا کی نظر یں ہٹانے کی کوشش ہے مقبو ضہ کشمیر کو بھارت کے غا صبانہ تسلط سے آزاد کرانے کے لئے عالمی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔