اوپن یونیورسٹی میں داخلوں کی تعداد میں اضافہ عوام کے اعتمادکا مظہر ہے، شاہد صدیقی

Apr 04, 2018

اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ یونیورسٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں ٗ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کا اوپن یونیورسٹی پر اعتماد تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کے نتیجے میں داخلوں کی تعداد میں تاریخی اضافہ ہورہا ہے۔ سمسٹر بہار 2018کے داخلوں کے سلسلے میں "اوپن ڈے"تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی کے طلبہ کی تعداد 13 لاکھ سالانہ سے تجاوز کرچکی ہے ٗ یہ تعداد ملک کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے طلبہ کی مجموعی تعد ادسے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے 13۔لاکھ طلبہ میں 56فیصد خواتین شامل ہیں جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے مزید کہا ہے کہ بحیثیت ایک میگا یونیورسٹی ٗ پاکستان کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو مساوی تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ٗ غریب اورمستحق افراد کو تعلیمی نیٹ میں لانے کو اوپن یونیورسٹی اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے ملک بھر میں موجود غریب ٗ مستحق اور ضرورت مند طلباء و طالبات کو سکالرشپ اور فیس میں رعائیت فراہم کرنے کے لئے اپنے سالانہ بجٹ میں 170ملین روپے مختص کردئیے ہیں ٗ اس کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں لانا ہے اور کوشش ہے کہ علم حاصل کرنے کا ایک بھی خواہشمند محض داخلہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سمسٹر سے یونیورسٹی نے فاٹا اور بلوچستان کے طلبہ کے لئے میٹرک کی تعلیم مفت کردی ہے۔معذور افراد ٗ جیلوں میں مقید افراد اور خواجہ سرائوں کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لئے بھی مفت تعلیمی منصوبے متعارف کئے ہیں۔

مزیدخبریں