اسلام آباد/ پاکپتن (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے تین ارکان اور سابق وزیر احمد عالم انور نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں میں شہاب الدین سیہڑ، احسن فتیانہ اور احمد شاہ کھگہ شامل ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق تینوںارکان پنجاب اسمبلی نے عمران خان سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پنجاب سے سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم احمد انور نے بھی عمران خان سے ملاقات کی۔ احسان فتیانہ آزاد رکن، شہاب الدین سیہڑ پی پی اور احمد شاہ کھگہ کا تعلق ق لیگ سے ہے۔ مزید براں سابق وزیر احمد عالم انور نے گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر جہانگیر ترین اور اسحاق خان خاکوانی بھی موجود تھے۔ عمران خان نے اس موقع پر خطاب میں کہا تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے جواب طلبی ناگزیر ہے۔ پنجاب کے عوام کو محروم رکھ کر بیرون ملک تجوریاں بھری گئیں۔ بیرون ملک تجوریاں بھرنے والوں کا محاسبہ وقت کا تقاضا ہے۔ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لاکر دم لیں گے۔ پاکپتن سے نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار کے مطابقحلقہ پی پی 229سے ق لیگ کے ایم پی اے پیر احمد شاہ کھگہ نے اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا زرائع کے مطابق حلقہ پی پی 229سے پیر احمد شاہ کھگہ تحریک انصاف کی جانب سے ایم پی اے کے امیدوار ہونگے پیر احمد شاہ کھگہ کی تحریک انصاف میں شمولیت کی خبر سن کر کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔