امریکی اقدامات کے بعد ملی مسلم لیگ کو الیکشن لڑنے کی اجازت چیلنج کرینگے: احسن اقبال

اسلام آباد/لاہور (نیشن رپورٹ+خصوصی نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) امریکہ کی جانب سے حافظ سعید کے سیاسی ونگ ملی مسلم لیگ کو دہشتگرد گروپوں میں شامل کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت نے کہا ہے کہ وہ ملی مسلم لیگ کو آنے والے انتخابات میں حصہ لینے کے عدالتی فیصلے کو چیلنج کریگی۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا حکومت ملی مسلم لیگ کو الیکشن کی اجازت کے حوالے سے عدالت کی عبوری ریمارکس کو چیلنج کریگی۔ انہوں نے کہا دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی عالمی ذمہ داری ہے اور حکومت اسے پورا کریگی۔ انہوں نے کہا امریکی الزام اور دوسرا مواد عدالت سے شیئر کیا جائیگا۔ مزید برآں امریکہ کی جانب سے ملی مسلم لیگ کو دہشتگرد گروپوں میں شامل کرنے کے فیصلے کا بھارت نے خیرمقدم کیا ہے اور الزام لگایا امریکی اقدام ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دہشتگرد گروپوں اور افراد کیخلاف مناسب کارروائی نہیں کی جا رہی۔ صباح نیوز‘ آئی این پی کے مطابق اسلام آباد میں نیکٹا کے زیر اہتمام 3 روزہ انسداد دہشتگردی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا پاکستان آج تک افغان جنگ کے اثرات کو بھگت رہا ہے، پاکستان کے چپے چپے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا، کامیاب جنگ اپنے وسائل سے لڑی، امریکہ افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل سست کرنا چاہتا ہے اور پاکستان پر افغان مہاجرین کو مزید رکھنے کے لئے دبائو ڈالا جا رہا ہے مگر عالمی برادری ہمارے مسائل کی وجوہات سمجھے، بین الاقوامی برادری کو مشرقی تیمور اور سوڈان میں تو مسئلہ نظر آیا لیکن کشمیر کی کوئی پروا نہیں، دوہرا معیار چھوڑنا ہو گا ورنہ انتہا پسندی پنپتی رہے گی۔ احسن اقبال نے کہا مغربی ایجنسیوں نے اسامہ بن لادن اور دیگر جنگجو پاکستان بھجوائے اور جب افغان جنگ ختم ہوئی تو سب ہاتھ جھاڑ کر چلے گئے۔ پاکستان ابھی تک لاکھوں افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش شمال اور شمال مشرق میں سرائیت اختیار کر رہی ہے، 27لاکھ افغان مہاجرین کی آبادی سے دہشت گردی کے لئے لوگ بھرتی کئے جاتے ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مستحکم معیشت کا اہم کردار ہے، عالمی برادری کو پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کو تسلیم کرنا چاہیے، ہم نے دہشتگردی کو شکست دی ہے۔ پاکستان میں کرکٹ میچز اس کا ثبوت ہیں۔ وزیر داخلہ نے برطانوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کرکٹ میچز کی دعوت دی۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق ملی مسلم لیگ نے امریکہ کی طرف سے تنظیم کو دہشت گرد قراردیئے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیا اور کہا یہ فیصلہ بنیادی انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ملی مسلم لیگ خالصتاً ایک سیاسی جماعت ہے جو ملکی آئین اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پرامن انداز میں سیاسی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہے۔ امریکہ کو کوئی حق نہیں کہ وہ پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرتے ہوئے کسی سیاسی تنظیم اور اس کے ذمہ داران کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کرتا پھرے۔ اپنے بیان میں ملی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے کہا ملی مسلم لیگ چیلنج کرتی ہے امریکہ کے پاس ان کیخلاف کوئی ثبوت ہے تو وہ عدالتوں میں پیش کرے، ہم ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا مقدمہ لڑنے کیلئے تیار ہیں لیکن صرف جھوٹے پروپیگنڈا کی بنیاد پر حقائق مسخ کرنے کی کسی طور اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...