گوجرانوالہ: انتظامیہ کی غفلت، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں معمر شخص سٹریچر نہ ملنے کے باعث زمین پر پڑا رہا

Apr 04, 2018

گوجرانوالہ ( نمائندہ خصوصی ) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں علاج کیلئے آنیوالا معمر شخص سٹریچر نہ ملنے کے باعث کافی دیر تک زمین پر ہی پڑا رہا ۔ بلال گنج کے 70سالہ محمد شریف کو تیز بخار کے باعث اسکے ورثاء ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیکر آئے جہاں پر سٹریچر نہ ملنے کی وجہ سے معمر شخص زمین پر ہی لیٹ گیا۔ کافی دیر تک زمین پر ہی پڑے رہنے والے معمر شخص کے بارے میں میڈیا کی جانب سے نشاندہی کی گئی تو غفلت کی نیند سونے والی ہسپتال انتظامیہ حرکت میں آگئی اور محمد شریف کو سٹریچر فراہم کردیا گیا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، حالانکہ پنجاب حکومت کی طرف سے مریضوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی سختی سے ہدایات کی گئی ہیں مگر اسکے باوجود ہسپتال انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔

مزیدخبریں