بارتھی، سردارد فتح محمد کا ختم قل، عثمان بزدار قبیلے کے نئے چیف مقرر

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد خان بزدار کا ختم قل بارتھی میں ان کی آبائی رہائش گاہ کے احاطے میں ادا کیا گیا۔ وزرائ‘ ارکان پارلیمنٹ‘ مقامی عمائدین‘ قبائلی سرداروں‘ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ختم قل کے اختتام پر رقت آمیز دعائے مغفرت کی گئی۔ بارتھی کی فضا تیسرے روز بھی سوگوار رہی۔ ختم قل میں شرکت کے لئے سینکڑوں قبائلی دشوار گزار گھاٹیوں سے پیدل سفر کر کے بارتھی پہنچے۔ پیر عبدالاسلام‘ مولانا لطیف احمد چشتی اور دیگر شخصیات نے خطاب کیا۔ قاری عابد حسین نے تلاوت قرآن پاک اور سردار مسکین جعفر خان نے نبی پاکﷺ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ مولانا خاک احمد بزدار نے دعا کرائی۔ مولانا لطیف احمد چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرحوم سردار فتح محمد خان بزدار نے امن و آشتی کا پرچار کیا۔ پیر عبدالاسلام نے کہا کہ سردار فتح محمد خان بزدار مخلوق کی خدمت میں وقت گزارتے تھے۔ قبائلی سرداروں‘ مقامی عمائدین اور ارکان اسمبلی نے مرحوم سردار فتح محمد خان بزدار کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزدار قبائل کے چیف سردار فتح محمد خان بزدار مرحوم اپنی مثال آپ تھے۔ ارکان قومی اسمبلی ملک احمد حسن‘ خواجہ شیراز محمود‘ ارکان صوبائی اسمبلی احمد خان دریشک‘ خواجہ داؤد سلیمان‘ سابق ارکان اسمبلی میر بادشاہ قیصرانی‘ جمال لغاری‘ معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی‘ سینئر سیاستدان غلام مصطفیٰ کھر اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ دریں اثناء بارتھی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی رہائش گاہ پر صبح سے دوپہر تک تعزیت کیلئے لوگ آتے رہے۔ سینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ‘ دوست محمد کھوسہ‘ اراکین اسمبلی اور مقامی عمائدین‘ قبائلی سرداروں‘ معززین علاقہ اور بزدار قبیلے کی سرکردہ شخصیات نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بارتھی میں ان کی آبائی رہائش گاہ میں ان کے والد سردار فتح محمد خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ سردار فتح محمد خان کے ایصال ثواب کیلئے تونسہ شریف میں قرآن خوانی آج صبح ساڑھے نو بجے ہو گی۔ لاہور میں قرآن خوانی کا اہتمام کل پنجاب سول آفیسرز میس فنکشن ایریا جی او آر ون میں کیا گیا ہے۔ جی او آر ون لاہور میں قرآن خوانی بعد نماز جمعہ اڑھائی بجے دوپہر ہو گی۔ علاوہ ازیں عثمان احمد خان بزدار کی بارتھی میں بزدار قبیلے کے نئے چیف مقرر ہونے پر دستار بندی کی مختصر تقریب ہوئی۔ خواجہ غلام اﷲ بخش نے بزدار قبیلے کے نئے چیف سردار عثمان احمد خان بزدار کی دستار بندی کی۔ قبائی سرداروں‘ عمائدین اور معززین علاقہ نے تقریب میں شرکت کی۔ بلوچ روایات کے مطابق بزدار کی دستار بندی کی بڑی تقریب 28 اپریل کو بارتھی میں ہو گی۔علاوہ ازیںعثمان بزدار بار تھی سے تونسہ شریف پہنچ گئے ۔ وزیر اعلیٰ سے تونسہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے ملاقاتیں کیں اور محمد خان بزدار کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...