لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگار ) ملک بھر میں شب معراج دینی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ مساجد اور گھروں میں عبادات کا خصوصی کا اہتمام کیا گیا، عبادت کا سلسلہ عشاء کی نماز سے صبح صادق تک جاری رہا، اس دن کی مناسبت سے خصوصی طور پر نیاز کا انتظام کیا گیا تھا، حلوائیوںکی دکان پر مٹھائی لینے والوں کی قطاریں لگی رہیں، مساجد میں علماء کرام نے واقعہ معراج النبیﷺ کی مناسبت سے خصوصی خطابات کئے اور خصوصی دعائیں کرائیں۔ ملک بھر کی مساجد کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ صوبائی دارالحکومت میں مساجد کے علاوہ کی دینی درسگاہوں، دربار حضرت داتا گنج بخش، دربار حضرت شاہ جمال سمیت دیگر بڑی ہستیوں کے مزاروں پر بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کرکے آنیوالوں کیلئے خصوصی طور پر نیاز تیار کی گئی تھیں۔ صلوٰۃ التسبیح سمیت دیگر خصوصی عبادات کے اجتماع بھی ہوئے جن میں امت مسلمہ اور وطن عزیز کیلئے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں۔ پولیس نے شب معراج کے موقع پر شہر بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کی تھی جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی ۔کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر سول پارچات میں اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔ مساجد میں شہریوں کو میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیک کرنے کے بعد داخل ہونے دیا گیاجبکہ حساس مساجد کی چھتوں پر بھی مسلح نشانہ باز تعینات کئے گئے تھے ۔