بھارت کا خلائی مدار سٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کا تجربہ،پاکستان کا اظہار تشویش

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان نے بھارت کی جانب سے زمین کے نچلے خلائی مدار سٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کے تجربے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نے ستائیس مارچ کو اس کامیابی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پاکستان نے ادبی پیرائے میں محتاط ردعمل کا اظہار کیا تھا لیکن دو روز پہلے امریکہ کی طرف سے بھارتی تجربہ کو خلا میں موجود بین الاقوامی خلائی سٹیشن کیلئے حد درجہ خطرناک قرا ر دیا گیا تو اس کے بعد دفتر خارجہ نے بھی ایک زور دار بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ خلاء میں سٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کے حالیہ بھارتی تجربے کے نتیجے میں خلاء میں پھیلنے والے ملبے سے خطرات لاحق ہیں۔ بیان کے مطابق مذکورہ تجربہ کی اطلاعات نہایت پریشان کْن ہیں کہ بھارتی تجربے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ملبے کے حصے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی طرف حرکت پذیر ہیں اور اس سے ٹکرانے کا خطرہ ہے۔ عالمی برادری کو خلا میں پھیلنے والے ملبے سے پْرامن سرگرمیوں کے لئے لاحق خطرات پر گہری تشویش ہونی چاہے بلکہ ایسے اقدامات کے عسکری پہلو اور عالمی، علاقائی، سلامتی و استحکام کے لیے اس کے مضمرات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خلا کو گولہ بارود سے پاک رکھنے کا پْر زور حامی ہے، خلا کے استعمال پر لاگو ہونے والے عالمی قانونی ضابطوں میں موجود سقم دور کرنے کے لیے ہم خیال ممالک کے ساتھ مل کر اس مقصد کے لیے کاوشیں کرتے رہیں گے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ پْرامن سرگرمیوں اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے خلائی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لیے کسی کی طرف سے خطرات پیدا نہ ہوں۔مؤثر قانون کی عدم موجودگی میں دیگر ریاستیں بھی اپنی اس طرح کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے اسی نوعیت کے اقدام کی پیروی کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن