ملکی معیشت کونئی حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت بحرانی حالت سے نکال لیاگیاہے: اسدعمر

Apr 04, 2019 | 08:58

ویب ڈیسک

وزیرخزانہ اسدعمرنے کہاہے کہ ملکی معیشت کونئی حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت بحرانی حالت سے نکال لیاگیاہے۔

وہ اسلام آباد میں ممتازڈیجیٹل اورسوشل میڈیافورمز کے ساتھ ملکی معیشت کی صورتحال پر سوال وجواب کے ایک پروگرام میں براہ راست گفتگو کررہے تھے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت مجموعی قومی پیداوارکی نسبت قرضہ بتدریج کم کرنے اور دوہزارتئیس میں اپنی مدت کے اختتام تک اسے بہتر حالت میں لانے کیلئے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت مجموعی قومی پیداوار کی نسبت قرضہ مالیاتی ذمہ داریوں اورقرضے کی حد سے بہت اوپرچلاگیاہے۔تاہم معیشت کو درست سمت میں لانے کیلئے حکومت کوسخت فیصلے کرناہوں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوورثے میں حسابات جاریہ کے خطیرخسارے اورغیرملکی زرمبادلہ کے ذخائرمیں تیزی سے کمی کاسامناہے تاہم اب صورتحال بہتر ہے اوراس میں مزیدبہتری آئے گی۔

دریں اثناء وزیرخزانہ اسدعمرنے عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ شرح تبادلہ کے ہدف سے متعلق ایک خبرکومسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی مالیاتی فنڈکے ساتھ شرح تبادلہ کاکوئی ہدف زیرغورنہیں ہے۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو پاکستان کی معیشت پر کچھ رحم کرناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیرخزانہ اپنے چارسالہ دورحکومت میں معیشت کوشدیدنقصان پہنچانے کے بعدجھوٹی خبریں پھیلارہے ہیں۔

مزیدخبریں