کشمیر پر مثبت اقدامات، پاکستان سے بہتر تعلقات کا اشارہ: کانگریس نے انتخابی منشور جاری کردیا

Apr 04, 2019

نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کانگریس نے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا جس میں انہوں نے کشمیر کے لیے مثبت اقدامات کرنے‘ سارک فورم کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ رابطے کے اشارے دے دیے۔ کانگریس اپنے منشور میں کشمیر کی حالیہ صورتحال پر پشیمان نظر آ رہی ہے اور کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم کے خلاف اقدامات اٹھانے کی خواہشمند ہے۔ جنوبی ایشیائی تعاون تنظیم (سارک) کے ساتھ کام کرتے ہوئے خطے کے ممالک کے ساتھ بھارت کے تعلقات کو بہتر بنائیں گے جسے مودی سرکار نے نہیں کیا۔ سارک اور ایسوسی ایشن مشرقی ایشیائی ممالک (ایسین) کے ساتھ ملکر تجارت‘ سرمایہ کاری‘ سیاحت اور ثقافتی تبادلے کے فروغ کے لئے کام کیا جائے گا تاکہ جغرافیائی حیثیت کا فائدہ اٹھایا جا سکے۔ کانگریس نے اپنے منشور میں کہا کہ وہ ایسے قوانین کو ختم کر دیں گے جو پرانے ہو چکے ہیں اور غیر ضروری طور پر لوگوں کی آزادی کو متاثر کر رہے ہیں۔ انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 124 اے کو آئین سے نکال دیا جائے جو ’بغاوت‘ کی تعریف کرتا ہے‘ کیونکہ اس قانون کا ملک میں ناجائز استعمال کیا گیا ہے۔ قرض نہ دینے والے کسانوں کو جیل میں نہیں ڈالیں گے۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کانگریس منشور سے متعلق کہا کہ کانگریس اپنے منشور سے ’دیش در وہی‘ (غدار) اور ’الگا وادی‘ (علیحدگی پسند) لوگوں کو خوش کر رہی ہیں۔ کشمیر سے متعلق منشور میں کہا گیا کہ ’کانگریس کا مؤقف ہے کہ مذاکرات کے ذریعے ہی جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات سمجھی جا سکتی ہیں اور مسئلہ کشمیر کا باعزت حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ منشور میں کہا گیا کہ یہ جماعت مذکورہ راستہ اختیار کرے گی‘ تاہم اس نے یہ ابہام چھوڑ دیا کہ کیا ان مذاکرات میں پاکستان شامل ہو گا یا نہیں ہو گا۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ انہوں نے علیحدگی پسندوں کو کچل کر رکھ دیا‘ لوگوں کے درمیان تفریق کو ختم کیا اور عوام کے مابین اتحاد اور ہم آہنگی پیدا کی۔ منشور میں کانگریس کے رہنما گاندھی‘ اندرا گاندھی‘ راجیو گاندھی اور بینٹ سنگھ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں نے بھارت کے لئے لازوال قربانیاں دیں۔ علاوہ ازیں پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری سے متعلق بھی کانگریس نے اپنے منشور میں اشارہ دے دیا۔ ادھر بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگرس کے منشور کو آڑھے ہاتھوں لیا اور اسے کشمیر میں آزادی کی تحریک کو فائدہ پہنچانے کے مترادف قرار دیا۔

مزیدخبریں