مقبو ضہ کشمیر: کئی علاقوں میں سرچ آپریشن، محاصرہ ، 35 گرفتار

Apr 04, 2020

سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سخت لاک ڈائون کے دوران بھی کئی علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس سے کشمیری عوام سخت خوف و دہشت کا شکار ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں کرفیو جیسی پابندیوں کے دوران کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد اور پونچھ اضلاع میں بھارتی فوجیوں کی محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔ دریں اثنا بھارتی پولیس نے کرونا وائرس پھیلنے سے روکنے کیلئے لگائی جانے والی پابندیوں کی خلاف ورزیوں کے الزامات میں مقبوضہ وادی کے مختلف مقامات سے 35افراد گرفتار کر لیے۔ جموں وکشمیر یوتھ سوشل فورم نے مہلک کورونا وائر س کے تیزی سے پھیلائو کے پیش نظر جیلوں میں نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوتھ سوشل فورم کے رہنما زبیر احمد میر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ نظر بندکشمیریوں کے اہلخانہ کے اہلخانہ سینکڑوں ہزاروں میل دور بھارتی جیلوںمیں قید اپنے پیاروں کی سلامتی کے حوالے سے انتہائی فکر مند ہیں۔

مزیدخبریں