ریسکیو 1122 کے اہلکا ر ’’کرونا سے ڈرنا نہیں لڑنا‘‘ کی عملی مثال ہیں: پرویزالٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار افراد کو بچانے اور ان کے انتقال کی صورت میں ان کی تدفین کیلئے ریسکیو 1122 نہایت شاندار خدمات انجام دے رہا ہے جبکہ ایکسپو سنٹر میں قرنطینہ کو مینیج کرنے کے حوالے سے بھی ان کی خدمات کی تعریف ضروری ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو 1122 کے اہلکار ’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘ کی عملی مثال پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کی کارکردگی کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکتا جو اپنی جان خطرہ میں ڈال کر نہایت منظم اور مربوط طریقہ سے مریضوں کی ہسپتال اور قرنطینہ مراکز منتقلی کے علاوہ تدفین کا نیک کام کر رہے ہیں اور تدفین سے قبل میت کو مکمل طور پر disinfect کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، رینجرز، ڈاکٹرز، پولیس و دیگر ادارے بھی اپنا فریضہ احسن طور پر انجام دے رہے ہیں لیکن ریسکیو اہلکار دن رات جس طرح عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اس کا اعتراف بھی ضروری ہے اور پوری قوم ان کے اس جذبہ اور خدمت کو سلام پیش کرتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن