مکرمی! ایک طرف سے کورونانے ہر شخص کو پریشان کیا ہوا ہے دوسری جانب بیڈن روڈ لاہور کے رہائشی سوئی گیس کی عدم دستیابی سے پریشان ہیں۔ موسم سرد ہو یا گرم یہاں گیس اکثر و بیشتر ’’غائب‘‘ رہتی ہے۔اہل علاقہ بارہا اس مسئلے کے حل کیلئے مختلف دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں۔محکمہ سوئی نادردن والے گیس فراہمی میں رکاوٹ کا ذمہ دار واسا حکام پر ڈال دیتے ہیں کہ گیس کے مین پائپوں میں پانی بھر گیا ہے، جب واسا حکام کے پاس جایا جائے تو انکے کان پر بھی جوں تک نہیں رینگتی۔ ایسے میں اہل علاقہ کہاں جائیں، ان کا کیا قصور ہے۔ یہاں کے مکین اکثر اوقات بازار سے مہنگا کھانا لانے پر مجبور ہیںجبکہ آج کل لاک ڈائون نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔وزیراعظم عمران خان اور متعلقہ ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ ہمارا مسئلہ فی الفور ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے تاکہ ہمیں بھی سکھ کا سانس میسر آسکے۔ (محمد کمال / بیڈن روڈ ۔ لاہور)
بیڈن روڈ پر گیس کی قلت
Apr 04, 2020