اسلام آباد (اے پی پی) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے دیا جانے والا ریلیف پیکج پورے ملک کے عوام کے لئے ہے اور کسی مخصوص طبقہ کو نوازنے کیلئے نہیں ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے وفاقی حکومت کی طرف سے دیئے جانے والے پیکج کا آغاز8 جنوری سے کیا ہے اور اب تک کارپوریشن کی سیلز میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے مارچ کے مہینے میں 8 ارب سے زائد کی سیل ہوئی ہے ملک بھر کے تمام سٹورز پر ہر چیز وافر مقدار میں دستیاب ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ اور ملازمین عوام کی سہولت کیلئے ان کی دہلیز پر سستی اور معیاری اشیاء خوردونوش فراہم کر رہے ہیں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی بہترین کارکردگی کی بنا پر پورے ملک میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوا بالخصوص آٹے اور چینی کے بحران کو کنٹرول کرنے میں یوٹیلٹی سٹورز کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ وفاقی حکومت نے کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر غریب عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے یہ پیکج دیا تھا جو کامیابی سے چل رہا ہے اور اس میں مزید بہتری لانے کیلئے حکومت نے مزید فنڈز بھی منظور کر لئے تاکہ ملک بھر کے غریب عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن بہت جلد وفاقی حکومت کے احکامات کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کا آغاز کرے گا جس کی وجہ سے19بنیادی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی جائی گی۔