کرونا: پاکستان کو عالمی بنک سے 20 کروڑ ڈالر ملیں گے‘ معاہدہ ہو گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کووڈ19 ریلیف فراہمی کے حوالے سے پاکستان اور عالمی بینک کے مابین 200 ملین امریکی ڈالر کا فنانسگ معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کی توسیع اور دستخط کی تقریب کا اہتمام اقتصادی امور ڈویژن میں کیا گیا۔ ورلڈ بینک کی مدد سے پاکستان میں کووڈ19 کے خلاف تیاری اور صحت عامہ کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ پروجیکٹ کا بنیادی مرکز صحت کے شعبے پر ہو گا۔ فنڈنگ سے کوویڈ 19 کی روک تھام، اس کی تشخیص اور علاج کے لئے اہم ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ منصوبے میں وبائی مرض کے دوران معاشی تحفظ اور تعلیمی فروغ کیلئے پروگرام بھی شامل ہیں۔ ہماری اولین ترجیح غریبوں، کم اجرت والے طبقے کو کرونا کے منفی اثرات سے بچانا ہے۔ منصوبے کا دائرہ ملک بھر میں ہوگا، جس میں ملک کے تمام صوبوں / علاقوں کو شامل کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت 4 ملین خاندانوں تک ہنگامی بنیادوں پر نقد رقم اور خوراک کی تقسیم شامل ہے۔ منصوبے کے تحت آن لائن تدریسی وہنر کلاسز کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کو وبائی مرض کے منفی اثرات سے بچایا جائیگا۔پاکستان میں عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگوپیجوموتو نے کہا ہے کہ عالمی بنک کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ اپنی معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔جمعہ کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی بنک کا عملہ پاکستان میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ گھروں سے کام کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ عالمی بنک پاکستان سمیت کئی ممالک میں کرونا وائرس کی عالمگیر وباء کے اثرات سے نمٹنے کیلئے معاونت فراہم کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن