اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی ) شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے شانہ بشانہ کورونا کی وباء سے لڑیں گے۔ ہم نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہر ممکن حد تک عوام کو کورونا سے بچانے کا سامان مہیا کرنا ہے۔ عوام کی اصل مدد یہ بھی ہے کہ وہ کورونا سے بچائو کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ شہباز شریف نے حفاظتی کٹس عوام میں تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ایک لاکھ کٹس بنائی جارہی ہیں جو عوام میں تقسیم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا اس کٹ میں ماسک، سینیٹائزر، صابن ہے، کٹ میں عوام کے لئے ہدایت نامہ بھی ہے ۔ مقصد قوم کو کورونا کے خلاف جنگ کے لئے تیار کرنا ہے۔ اس کٹ کے ذریعے ان کی رہنمائی کا فریضہ بھی ادا ہوگا۔ ایک آگاہی پھیلے گی، یہ کٹس ہم ہر صوبے اور ہر شہر کو بھجوانے کا سلسلہ شروع کررہے ہیں۔ نواز شریف کی ہدایت پہ عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے۔ شہباز شریف نے رضاکارانہ امداد اور فلاحی ذمہ داریاں انجام دینے والے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا انسانوں کی خدمت کرنے سے اللہ تعالی بیحد خوش ہوتا ہے۔ معاشی حالات سے تنگ افراد کی خودکشیوں کی اطلاعات باعث تشویش ہیں۔