لاہور (نیوز رپورٹر+ کامرس رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔ لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر اور مارکیٹیں سنسان نظر آئیں۔ وزیراعلیٰ نے حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس، پاک فوج اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی صحت اور جان کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کئے ہیں۔ عوام گھروں میں رہیں گے تو کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا۔ حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنے پر لاہور سمیت پنجاب کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پولیس، پاک فوج اور رینجرز مثالی کردار ادا کررہے ہیں۔ صورتحال پر پوری نظر ہے۔ مختلف شہروں کے دورے کرکے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ پنجاب کے شہریوں کو کرونا سے بچانا میرا مشن ہے۔ وباء کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے ملاقات کی۔ اور چیف منسٹر فنڈکیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صنعتکاروں کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کروناکنٹرول میں چیک دینا قابل تحسین اقدام ہے۔ صنعتکاروں کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔ مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت کیلئے جذبہ خیر سے حوصلے بڑھتے ہیں اور دین اسلام بھی آزمائش کی گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کا درس دیتا ہے۔ یہ جنگ عوام کی مدد سے ہر صورت جیتیںگے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے رفتار میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت 24 گھنٹے کے اندر مستحق افراد میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل شروع کر دیاگیا ہے۔ بزدار حکومت نے ایک لاکھ 70 ہزار زکوٰۃ مستحقین کو مالی امداد کی مد میں ایک ارب 46 کروڑ 47 لاکھ روپے کی رقم ٹرانسفر کردی۔ چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے آغاز کے 24 گھنٹے کے اندر مالی امداد زکوٰۃ مستحقین کو منتقل کی گئی۔ عثمان بزدار نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔ دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے ہم نے بی آر اے ٹیکس ختم کر دیا ہے۔ ٹوکن ٹیکس 6 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کر دیا ہے۔ تعمیراتی سیکٹر کو 10 ارب روپے کا براہ راست فائدہ ہو گا۔