کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین و سابق ڈائریکٹر کراچی اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والانے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث درآمدی سرگرمیاں منجمد ہونے اور کاروبار وصنعتیں بند ہونے سے کمرشل امپورٹرز شدید مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں اور ان کے لیے لاک ڈاؤن کی مدت ختم ہونے کے بعد درآمدی مال کی دوبارہ بحالی ممکن نہیں ہوسکے گا جس سے صنعتوںکو خام مال کی قلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لہٰذا کمرشل امپورٹرز کو ایک سال کے لیے آسان شرائط پرقرضے دیے جائیں تاکہ سرمائے کی قلت کو دور کیا جاسکے۔امین یوسف بالاگام والانے جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہاکہ کرونا وائرس کی وبا نے لوگوں کو گھروں میں مقید کرنے کے علاوہ کاروبار و صنعت کو بھی بہت بری طرح متاثرکیا ہے۔ بلکہ کاروباروصنعتیں تباہی کے دہانے پر ہیںجس کی وجہ سے تاجربرادری خاص طور پر کمرشل امپورٹرز شدید مشکلات سے دوچار ہیں کیونکہ کاروباروصنعت کی بندش کی وجہ سے مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے ۔ کمرشل امپورٹرز کی ادائیگیاں پھنس گئی ہیں اور ان کے لیے اپنی بقا برقرار رکھنا دشوار نظر آتا ہے لہٰذا برآمدکنندگان کو حاصل ا یکسپورٹ ری فنانس کی طرح کمرشل امپورٹرز کو بھی قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے کیونکہ برآمدکنندگان درآمدکنندگان کے بغیر نہیں چل سکتے۔
کاروبار، صنعتوں کی بندش، کمرشل امپورٹرز مالی بحران کا شکار
Apr 04, 2020