شیخ رشید کا15 اپریل سےٹرین آپریشن بحال کرنےکااعلان

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کے فیصلے کے پابند ہیں ، لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد 15اپریل سے حفاظتی اقدامات کے ساتھ ٹرینیں چلائیں گے ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  15 تاریخ سے وزیراعظم کی اجازت سے ریلوے آپریشن  بحال کریں گے ، تمام حفاظتی اقدامات کے ساتھ ٹرینیں  چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  ٹائیگر فورس میں  صرف اور صرف پاکستانی ہوں گے ، اس میں کوئی سیاسی فرد نہیں۔ان  کے پاس کوئی اختیارات نہیں، صرف خدمت کا جذبہ ہے۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ  کا شکر گزار ہوں انہوں نے ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کیا ۔ 1670 قلیوں کو بھی ریلیف فنڈ کا حصہ بنایا جائےگا۔ لاک ڈاؤن سے پہلے ہم نے ریکارڈ 40،40 ٹرینیں چلائی ہیں ، آخری 2 روز میں 40 ٹرینوں سے ایک لاکھ 65 ہزار مسافروں کو منتقل کیا۔یہ ریلوے کا کریڈٹ ہے کہ پاکستانی عوام دوسرے ملکوں کی طرح تنگ نہیں ہوئی ۔ بھارت میں بنا سوچے سمجھے لاک ڈاؤن کیا گیا جس کی وجہ سے زیادہ اموات ہوئیں ۔ شیخ رشیدنے کہا کہ ہم  570 ریلوے اسٹیشنز پر موبائل ہسپتال استعمال کرسکتے ہیں ۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ کورونا وائرس مزید پھیلا تو لاک ڈاؤن میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ کچھ عناصر ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ شہباز شریف کو کہنا چاہتاہوں کہ یہ وقت سیا ست کا نہیں ، یہ وقت جنگ عظیم سے بھی سخت ہے ۔ سب اپنا اپنا حصہ ڈالیں، لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کرباتیں کرنے والوں کا وقت ختم ہوچکا ہے۔وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ یہ ایسا وقت ہے کہ سب کے ساتھ صلح ہو،مزدور گبھرائیں نہ فنڈز کے ذریعے آپکو ریلیف فراہم کریں گے ۔اس وقت ہمیں تفریق نہیں کرنا چاہئیے یہ صوبوں کا نہیں قومی مسئلہ ہے ۔ایک طبقہ زائرین کو جبکہ دوسرا تبلیغی جماعت کوٹارگٹ کررہا ہے۔اس طرح ٹارگٹ کرنے سے کسی کو فائدہ نہیں ۔کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔

ای پیپر دی نیشن