لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف ترمیمی بل کی منظوری کا خیر مقدم کرتی ہیں۔ ورک پلیس پر خواتین کو میل سٹاف کے منفی رویے کا سامنا رہتا ہے اور اس ضمن میں شکایات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ خواتین اپنی عائلی گھریلو ذمہ داریاں پوری کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی سطح پر بھی اپنی خدمات انجام دیتی ہیں،انہیں ریاست کی زیادہ توجہ اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ خواتین کو ہراساں کرنے والے عبرتناک سزائوں کے مستحق ہیں۔ ویمن لیگ کی مرکزی صدر نے کہا کہ قوانین تو بن جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد سب سے بڑا چیلنج ہے۔ پولیس سٹیشنز پرخواتین کی طرف سے آنے والی شکایات پر توجہ نہیں دی جاتی جس سے ہراسمنٹ کا جرم بڑھ رہا ہے ۔خواتین کو ہر طرح کے قانونی تحفظ اور معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کا نظام بگڑنے سے اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کااخلاقی تانا بانا برباد ہو چکا ہے۔ اسلام خواتین کو عزت و احترام دیتا ہے۔ خواتین کے عزت و احترام کے کلچر کو پروان چڑھانے کیلئے تربیت اور تادیبی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ساری توجہ کردار اور اخلاق سازی پر ہے۔ تمام سماجی مذہبی تحریکیں اخلاق اور کردار سازی پر توجہ دیں۔آئمہ مساجد خواتین کے عزت و احترام کے حوالے سے قرآنی تعلیمات پر خطبات دیں۔