لاہور(اسپورٹس رپورٹر)اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد کا ماننا ہے کہ دورہ بنگلہ دیش کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے ابتدائی اسکواڈ میں باصلاحیت اسپنرز موجود ہیں اور یہ کھلاڑی آئندہ چند سالوں میں پاکستان کی نمائندگی کے بھی قابل ہیں۔سابق ٹیسٹ اسپنرفی الحال قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری دس روزہ کیمپ میں نوجوان اسپنرز کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی کوشش کررہے ہیں۔کیمپ میں شریک چھ اسپنرز میں سے دو قاسم اکرم اور فہد منیر نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت اسپنرکیرئیر کے اس موقع پر ان کھلاڑیوں کے لیے اسپن باؤلنگ میں کنٹرول حاصل کرنا بہت اہم ہوتا ہے۔مشتاق احمد نے کہا کہ دورہ بنگلہ دیش میں شامل ایک چار روزہ میچ ان نوجوان اسپنرز کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، وہ ان نوجوان اسپنرز کو وکٹیں حاصل کرنے کا فن سیکھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کیمپ میں شریک نوجوان چائنہ مین اسپنر فیصل اکرم بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں، ارحم نواب اور عالیان محمود بھی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور بطور کوچ وہ ان سب کو اسپن باؤلنگ کا فن سیکھانا چاہتے ہیں۔
انڈر19نیں با صلاحیت اسپنرز، فن سیکھانا چاہتے ہیں، مشتاق احمد
Apr 04, 2021