کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے عید گاہ میں واقع ویرجی کمپاؤنڈ جمیلہ اسٹریٹ میں قبضہ مافیا سرگرم ہوگیا۔کمپاؤنڈ کے اندر جگہ پر قبضہ کرکے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔اہل محلہ کی جانب سے اعتراض پر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔مکینوں نے ایس ایس پی سٹی اور دیگر متعلقہ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق عابد نامی شخص نے جمیلہ اسٹریٹ پر واقع RC-5-97,E7/P08 ویرجی کمپاؤنڈ کے اندر جگہ پر قبضہ کرکے ناجائز تعمیرات کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔غیر قانونی عمارت پر دو چھتیں بھی مکمل ڈال دی گئی ہیں۔اہل محلہ نے جب مذکورہ شخص کو غیر قانونی تعمیرات سے روکنے کی کوشش تو اس نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کہا کہ میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ہے اور میرے تعلقات بہت اوپر تک ہیں۔غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے علاقہ مکین انتہائی مشکلات کا شکار ہیں اور کمپاؤنڈ میں گاڑیوں کی آمد و رفت دشوار ہوگئی ہے اور ہنگامی حالات میں کسی بھی قسم کی کوئی گاڑی جس میں ایمبولینس ،فائر بریگیڈ بھی شامل ہیں اندر نہیں آسکتی ہیں۔