دورہ بنگلہ دیش:  قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ جاری

Apr 04, 2021

لاہور(سپورٹس رپورٹر)دورہ بنگلہ دیش کیلئے قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ لاہور میں جاری ہے، کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے بعد نیٹ پر بائولنگ اور بیٹنگ کی بھی پریکٹس کی۔قذافی سٹیڈیم میں دس روزہ کیمپ کے دوسرے روز کھلاڑیوں نے پہلے فزیکل ٹریننگ کی۔کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کی ڈرلز کیں جس کے بعد نیٹ پر بائولنگ اور بیٹنگ کی جم کر پریکٹس کی۔نوجوان کھلاڑیوں کو دورہ بنگلہ دیش سے قبل کیمپ میں ایک تین روزہ اور دو ون ڈے میچز بھی کھیلنے کا موقع ملے گا۔کیمپ کے بعد حتمی قومی انڈر19 کے 17 کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ پر مشتمل سکواڈ 11 اپریل کو بنگلہ دیش کیلئے روانہ ہوگا۔سپن بائولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمدنے کہاہے کہ دورہ بنگلہ دیش کیلئے اعلان کردہ پاکستان کے انڈر 19 سکواڈ میں باصلاحیت سپنرز موجود ہیں اور یہ کھلاڑی آئندہ چند سال میں قومی ٹیم کی نمائندگی کے بھی قابل ہیں۔کیمپ میںنوجوان سپنرز کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی کوشش کررہے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کیساتھ کام کرتے ہوئے ہمیشہ خاص دباؤ رہتا ہے لیکن انہیں اس سکواڈ میں بہت باصلاحیت سپنرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے، کھلاڑیوں کیلئے سپن بائولنگ میں کنٹرول حاصل کرنا بہت اہم ہوتا ہے۔ دورہ بنگلہ دیش میں شامل ایک چار روزہ میچ ان نوجوان سپنرز کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے، وہ ان نوجوان سپنرز کو وکٹیں حاصل کرنے کا فن سیکھانا چاہتے ہیں۔ کیمپ میں شریک نوجوان چائنہ مین سپنر فیصل اکرم بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں، ارحم نواب اور عالیان محمود بھی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور بطور کوچ وہ ان سب کو سپن بائولنگ کا فن سکھانا چاہتے ہیں۔ کسی بھی سپنر کیلئے ضروری ہے کہ وہ نیٹ پر زیادہ سے زیادہ بائولنگ کرے تاکہ اس کا کنٹرول بہتر ہو اور وہ جتنے زیادہ سپیل کریگا، اس کی باؤلنگ اتنی ہی بہتر ہوگی۔

مزیدخبریں