فخر زمان اور امام الحق کو وطن واپسی کی مشروط اجازت

Apr 04, 2021

لاہور (سپورٹس رپورٹر)سول ایوی ایشن نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز امام الحق اور فخرزمان کو جنوبی افریقہ سے وطن واپسی کی مشروط اجازت دیدی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر ایئرٹرانسپورٹ نے دونوں کھلاڑیوں کو وطن واپسی کے لیے مشروط این او سی جاری کیا۔سی اے اے نے فخرزمان اور امام الحق کی وطن واپسی کیلئے کرونا ایس اوپیز کی مشروط سفری کلیئرنس جاری کی۔ ونوں کھلاڑی جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز ختم ہونے کے بعد وطن واپس آجائیں گے جبکہ سکواڈ زمبابوے روانہ ہوجائیگا۔ امام الحق اور فخر زمان کو وطن واپسی پر کرونا ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر لازمی عمل کرنا ہوگا، 72 گھنٹے قبل کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔دونوں کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانا ہوگی جبکہ واپس آنے کے بعد گھر پر قرنطینہ سمیت دیگر ایس او پیز پر عمل بھی کرنا ہوگا۔ دونوں کھلاڑی 10 اپریل کو دوحہ کے راستے اسلام آباد پہنچیں گے۔

مزیدخبریں