کراچی، اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف زرداری ، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے فون پر طبیعت سے آگاہی حاصل کی اور کہا کہ میں آپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کررہا ہوں۔
دوسری طرف سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کی ناسازی طبعیت کے بعد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے امیر جمعیت علمائے اسلام ف سے رابطہ کیا ہے،
ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فون پر خیریت دریافت کی، مولانا نے اپنی صحت سے متعلق نواز شریف کو آگاہ کیا۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ فضل الرحمن نے نواز شریف کے خیریت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کو مکمل صحت یابی تک آرام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے کمرہ سے تب تک باہر نہ آئیں جب تک مکمل صحت یاب نہ ہو جائیں۔ سیاست ہوتی رہے گی پہلے اپنی صحت پر توجہ دیں۔آپ صحت یاب ہوجائیں پھر پی ڈی ایم کو مکمل فعال کریں گے۔