پی ڈی ایم کا پیپلز پارٹی کوشوکازنوٹس بھیجنےکافیصلہ

پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے پیپلزپارٹی کو اور عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کو شو کاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز خبر آئی تھی کہ دونوں جماعتوں کو شوکاز نوٹس پر اتفاق ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس کے بعد ناضابطہ نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  پیپلز پارٹی اور اے ین پی کے خلاف درخواست پی ڈی ایم قیادت کو موصول ہوگئی ہے۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان باضابطہ مشاورت بھی ہوئی۔

اطلاعات ہیں کہ پی ڈی ایم قیادت کی مشاورت کے بعد پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

شوکاز نوٹس میں پیپلز پارٹی اور اے این پی سے اتحاد کے فیصلوں کی خلاف ورزیوں پر وضاحت مانگی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایوان بالا میں 27 سینیٹرز کےآزاد اپوزیشن اتحاد قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت بہتر ہونے پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس طلب کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے طے کیا تھا ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا لیکن پیپلزپارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو بنوا دیا۔

پیپلزپارٹی کے اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی اور سخت بیانات کا تبادلہ بھی ہوا۔ پیپلزپارٹی کا اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے سے اتفاق نہ کرنا بھی اختلافات کی وجہ سمجھا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے گزشتہ اجلاس کے بعد حکومت مخالف اتحاد میں دراڑیں مزید گہری ہو گئی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن