اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) چودھری سرور نے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے میں ہی مجھے برطرف کر دیا گیا۔ پچھلے 2 سال میں 10 مرتبہ استعفیٰ دینے کی کوشش کی۔ گالی گلوچ کی سیاست نہیں کرتا، عزت سے جانا چاہتا تھا۔ پی ٹی آئی کے لوگوں نے گالی گلوچ کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دوں گا۔ پی ٹی آئی ورکرز کے جذبات سے آگاہ ہوں، پیپلز پارٹی کے دوست میری عزت کرتے ہیں کیونکہ کبھی غیر آئینی کام نہیں کیا۔ رات کو خبر آئی پرویزالٰہی ہار رہا ہے اسمبلی اجلاس منسوخ کر دیں۔ مجھے یہ بھی کہا گیا کہ ممکنہ ووٹ حاصل نہ ہو سکیں تو اسمبلی تحلیل کر دیں۔ ہمارا سب سے بڑا ٹریڈنگ پارٹنر یورپی یونین ہے، کتنی مشکلات کے باوجود پاکستان میں جی ایس پی پلس لیکر آیا۔ میری تجویز ہے عالمی سیاست کو قومی سیاست میں نہ لیکر آئیں۔ ادھر فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عمر سرفراز چیمہ تحریک انصاف سے 1996 ء سے وابستہ اور بانی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ عمر سرفراز چیمہ نے بطور گورنر پنجاب اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے ان سے حلف لیا۔ چیف سیکرٹری نے نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں عثمان بزدار‘ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب‘ ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاسر ہمایوں‘ ایم پی اے سعدیہ سہیل نے بھی شرکت کی۔ گورنر ہاؤس پہنچنے پر عمر سرفراز چیمہ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ صدر عارف علوی نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر چودھری سرور کو گورنر پنجاب کے منصب سے برطرف کر دیا اور سرفراز چیمہ کی آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت بطور گورنر پنجاب بھی منظوری دیدی۔
چودھری سرور برطرف : عمر سرفراز چیمہ نے گورنر پنجاب کا حلف اُٹھالیا
Apr 04, 2022