لاہور (نیوز رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آئین و قانون کی پامالی کی جا رہی ہے، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں ایک تماشہ لگایا ہوا ہے، آج ملکی تاریخ میں سیاہ دن ہے۔ اس معاملے پر زیادہ گفتگو نہیں کرنا چاہتا کیونکہ یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں زیربحث ہے۔ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ میں آئین کی بالادستی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ آئین و قانون سب کے لئے ہے۔ اس لئے ہمیں امید ہے کہ ہمیں سپریم کورٹ سے ریلیف مل جائے گا۔ عدالت عظمیٰ نے آئین سے کھلواڑ پر نوٹس لیا ہے۔ یہ اقدام عمران نیازی کی بیہودہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ سابق گورنر پنجاب کے بیان سے ساری گفتگو واضح ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ وہ آئین و قانون کی خلاف ورزی سے بچ گئے ہیں، آئین و رولز کی خلاف ورزی کر کے مقررہ شیڈول سے یہ بھاگ گئے ہیں۔ حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ سپر پاور کو ایبسولیوٹلی ناٹ کہہ کر خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے۔ معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، ڈالر کی اڑان رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ آئین پاکستان کو قتل کردیا گیا۔ یہ شخص خود کو کیا سمجھتا ہے۔ ہم نے ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کی۔ کتنی ڈھٹائی سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیشن کو ملتوی کرتا ہوں۔ آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ سپیکر صاحب یہ ہیں آپ کی اخلاقیات۔ سپریم کورٹ نے پنجاب کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیا۔ غیر آئینی کام نہیں ہوگا۔ ایک لاکھ لوگوں کو پارلیمنٹ کے باہر جمع کرنے کی بات کی گئی تھی۔ ایک لاکھ میں بس 90 ہزار 910 کم تھے۔ اپوزیشن نے آئین و قانون کے تحت اپنی عددی اکثریت ثابت کی۔ ڈپٹی سپیکر آنکھیں کھولتے وہ آئین کے تحت پابند تھے۔ انہوں نے ہر چیز کو کھیل بنا دیا۔ ایوان کو تماشا بنا دیا۔ ڈپٹی سپیکر تماشا دیکھتا ہے پھر اجلاس کو ملتوی کردیتا ہے۔ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔ یورپی یونین کو دھمکا کر تعلقات خراب کئے جارہے ہیں۔ ان کے پاس عددی اکثریت ہوتی تو کیا پرویزالٰہی پتلی گلی سے نکلتے۔ چار سال سے معیشت سے کھلواڑ کیا گیا۔ آئین و قانون کو ذبح کردیا گیا۔ یہ شخص آخر اپنے آپ کو کیا سمجھتا ہے۔ چودھری سرور کے مطابق عمران خان نے کہا استعفیٰ منظور کرو، اجلاس بلائو۔ ان کا روز حساب آنے والا ہے۔ ہار جیت کرنی ہے تو عزت کے ساتھ ایوان میں کریں۔ آپ گنڈاسہ لے کر میدان میں آگئے، گنڈاسہ ہمارے پاس بھی ہے لیکن ہم آئین و قانون پر یقین رکھتے ہیں۔
آج سیاہ دن ، آئین ذبح کردیا ، سپریم کورٹ سے ریلیف کی امید : حمزہ شہباز
Apr 04, 2022