لاہور (سٹاف رپورٹر،جنرل رپورٹر،خبرنگار، سپیشل رپورٹر) رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حسن مرتضیٰ طبیعتاً ایک مسخرہ شخص ہیں۔ میرے پیپلز پارٹی جوائن کرنے سے متعلق حسن مرتضیٰ کا دعویٰ ایک بھونڈے مذاق سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ آصف اور بلاول زرداری پاکستان کے سب سے بڑے ڈاکو اور لٹیرے ہیں۔ انکی قیادت تو دور، انکی شخصیات کو میں اپنی جوتی کی نوک پر رکھتا ہوں۔علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد سرور عمران خان کو دھوکا دے رہے تھے اس لئے انہیں عہدے سے برطرف کیاگیا،قوم کو ہیجان سے چھٹکارا مل جائے گا جو ڈالر کا کھیل کھیلا گیا، میر صادق اور میر جعفر جیسے لوگوں کا چہرہ سامنے آ جائیگا۔ پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی کے اندر عمران خان ایک بار پھر سر خرو ہوا ہے ،وزیر اعظم اور آرمی چیف ایک پیج پر ہیں۔