شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی تحلیل کرکے خود کو ایکسپوز کردیا ہے ، نواز لیگ ہر غیر آئینی اقدام کا راستہ روکے گی جمہوری اقدار کے فروغ کی خاطر ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ آج اپنی ضرورت اور اہمیت واضح کررہا ہے، اپنے ایک بیان میں محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ حکمرانوں کی توجہ مسائل کے تدارک پر کبھی نہیں رہی یہ ساڑھے تین سال فقط اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کی کردار کشی میں لگے رہے انکی عدم توجہی و نااہلی کے باعث ملک و قوم کے مسائل میں اضافہ ہوا اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی گئی، حکمرانوں کی غیر موثر پالیسیوں کے باعث ملک مسائلستان بن چکا ہے اور معاشی بدحالی ڈیرے ڈال چکی ہے جس کے خاتمہ کیلئے نواز لیگ برسر اقتدار آکر اپنا بھرپور عملی کردار ادا کرے گی ۔